صبح صبح ملاکنڈ سے افسوسناک خبر آگئی

صبح صبح ملاکنڈ سے افسوسناک خبر آگئی

مالاکنڈ اور مظفرآباد کے پہاڑی جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی، قیمتی درخت اور جنگلی حیات خطرے میں

ضلع مالاکنڈ کی تینوں تحصیلوں کے مختلف پہاڑی علاقوں میں لگی آگ مزید پھیل گئی، جس کے باعث قیمتی جنگلات اور جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

پولیس اور مقامی انتظامیہ کے مطابق آگ نے وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جبکہ دشوار گزار پہاڑی راستوں اور تیز ہواؤں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ رات کے وقت اندھیرے کی وجہ سے ریسکیو اور آگ بجھانے کا آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے متعلقہ ادارے اور مقامی رضاکار متحرک ہیں، لیکن خراب جغرافیائی حالات اور تیز ہوائیں آگ کے پھیلاؤ میں اضافہ کر رہی ہیں۔

دوسری جانب مظفرآباد کے نواحی پہاڑوں میں واقع جنگلات میں بھی آگ بھڑک اٹھی ہے، جس سے جنگلاتی وسائل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

کنزرویٹر فاریسٹ کے مطابق شدید گرمی اور خشک موسم کے دوران چیڑ کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات معمول کا حصہ ہوتے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جنگلاتی علاقوں میں احتیاط برتیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا آگ لگنے کے واقعے کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top