پاکستانی عازمین حج کی واپسی کب سے شروع ہوگی؟ حج آپریشن پاکستان کا شیڈول جاری

پاکستانی عازمین حج کی واپسی کب سے شروع ہوگی؟ حج آپریشن پاکستان کا شیڈول جاری

حج آپریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز کل سے، پاکستانی عازمین کی وطن واپسی کا شیڈول جاری

پاکستانی عازمین حج کی وطن واپسی کے سلسلے میں حج آپریشن کا دوسرا مرحلہ کل یعنی 31 مئی سے شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مختلف پروازوں کے ذریعے حجاج کرام کو سعودی عرب سے پاکستان واپس لایا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق پہلی حج پرواز 31 مئی کی رات جدہ سے روانہ ہو کر سیالکوٹ پہنچے گی، جس میں 391 عازمینِ حج وطن واپس پہنچیں گے۔ واپسی کے آغاز پر مختلف شہروں کے لیے متعدد پروازیں شیڈول کی گئی ہیں تاکہ حجاج کی مرحلہ وار واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق یکم جون کو مجموعی طور پر 22 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار 237 حجاج کرام پاکستان پہنچیں گے۔ اسی روز اسلام آباد کے لیے 5، کراچی اور لاہور کے لیے 4،4، ملتان اور سیالکوٹ کے لیے 3،3، فیصل آباد کے لیے 2 جبکہ کوئٹہ کے لیے ایک پرواز آپریٹ کی جائے گی۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 471 پروازوں کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانی عازمینِ حج کو وطن واپس لایا جائے گا۔ زیادہ تر پروازیں پاکستانی وقت کے مطابق یکم جون کو مختلف شہروں میں لینڈ کریں گی۔

بیان کے مطابق مدینہ منورہ سے واپسی کی پروازیں 3 جون سے شروع ہوں گی، جبکہ حج آپریشن کا آخری مرحلہ 30 جون کو لاہور میں مکمل کیا جائے گا۔

حکام نے بتایا ہے کہ واپسی کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ عازمین حج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کی واپسی کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل کیا جا سکے۔

Scroll to Top