مودی کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی 10 سالہ مہم ناکام، الجزیرہ رپورٹ میں حقیقت سامنے آگئی

مودی کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی 10 سالہ مہم ناکام، الجزیرہ رپورٹ میں حقیقت سامنے آگئی

عرب میڈیا رپورٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی 10 سالہ سفارتی کوششوں کو ناکام قرار دیا گیا ہے۔

الجزیرہ رپورٹ کے مطابق 2016ء میں بھارت کی جانب سے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کے اعلان کے باوجود یہ حکمت عملی عملی طور پر کامیاب نہ ہو سکی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت امریکا، چین، ایران اور سعودی عرب سمیت متعدد اہم ممالک کے ساتھ بیک وقت سفارتی روابط قائم رکھے ہوئے ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان خطے اور عالمی امور میں ایک اہم فریق کے طور پر ابھر رہا ہے اور 2025ء کی پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی اسلام آباد نے عالمی سطح پر اپنے بیانیے کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔

الجزیرہ کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات کو عالمی برادری نے بغیر شواہد کے تسلیم نہیں کیا، جبکہ بھارت کی جانب سے مسلسل مؤقف اپنایا جاتا رہا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران عالمی سطح پر مختلف بیانات سامنے آئے، جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بعض شخصیات کو سراہنے کے اشارے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ معدنی وسائل، سرمایہ کاری کے مواقع اور فعال سفارت کاری کے باعث پاکستان نے امریکی پالیسی سازوں کی توجہ حاصل کی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں ایک اہم حقیقت بن چکی ہے، جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں بھی بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان خلیجی ممالک کے لیے ایک ابھرتے ہوئے سیکیورٹی پارٹنر کے طور پر بھی سامنے آ رہا ہے۔

رپورٹ میں یہ مؤقف بھی سامنے آیا ہے کہ بھارت کی بعض پالیسیوں اور مسلم مخالف رجحانات نے اس کی بین الاقوامی ساکھ پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

Scroll to Top