فیراری نے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک سپورٹس کار متعارف کرا دی

دنیا کی معروف لگژری سپورٹس کار ساز کمپنی فیراری نے اپنی تاریخ کی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی ’’Luce‘‘ متعارف کرا دی ہے، جو کمپنی کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

اطالوی زبان میں ’’Luce‘‘ کا مطلب ’’روشنی‘‘ ہے اور کمپنی نے اس نئے ماڈل کو ایسے وقت میں پیش کیا ہے جب عالمی سطح پر کئی آٹو موبائل کمپنیاں الیکٹرک گاڑیوں کی طلب میں کمی کے باعث اپنی ای وی حکمت عملیوں پر نظرثانی کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : صومالی قزاقوں کے ہاتھوں آئل ٹینکر اغوا کو 40 دن مکمل، 10 پاکستانیوں سمیت یرغمالی تاحال آزاد نہ ہو سکے

فیراری کی نئی گاڑی اپنی نوعیت کی منفرد خصوصیات کی حامل ہے۔ چار دروازوں پر مشتمل یہ ماڈل کمپنی کی تاریخ کی پہلی پانچ نشستوں والی گاڑی بھی قرار دی جا رہی ہے۔ اس کے ڈیزائن میں معروف ڈیزائنر جونی آئیو اور ان کے تخلیقی ادارے ’’لوو فرام‘‘ کے اشتراک کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

روایتی فیراری اسپورٹس کاروں کے برعکس ’’Luce‘‘ کو زیادہ کشادہ، آرام دہ اور شیشے سے مزین ڈیزائن دیا گیا ہے۔ گاڑی کے اندرونی حصے میں اعلیٰ معیار کے چمڑے، شیشے اور اینوڈائزڈ ایلومینیم کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ روایتی فزیکل بٹن بھی برقرار رکھے گئے ہیں تاکہ ڈرائیور کو بہتر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

کارکردگی کے اعتبار سے بھی یہ گاڑی غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل ہے۔ تقریباً 2.2 ٹن وزنی اس الیکٹرک سپورٹس کار میں چار الیکٹرک موٹرز نصب کی گئی ہیں، جن میں ہر پہیے کے لیے الگ موٹر فراہم کی گئی ہے۔ یہ نظام مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد ہارس پاور پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کمپنی کے مطابق ’’Luce‘‘ کی زیادہ سے زیادہ رفتار 310 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے جبکہ ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے کے بعد یہ گاڑی 500 کلومیٹر سے زائد فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں تاریخی تبدیلی، گاڑی خریدنے والوں کے لیے بڑی خبر

فیراری نے اپنی روایتی ڈرائیونگ شناخت برقرار رکھنے کے لیے ایک منفرد فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جس کے تحت الیکٹرک گاڑی ہونے کے باوجود کیبن میں انجن جیسی لرزش اور احساس منتقل کیا جاتا ہے تاکہ ڈرائیور کو روایتی فیراری چلانے کا تجربہ حاصل ہو سکے۔

گاڑی میں 600 لیٹر بوٹ اسپیس، جدید ترین ٹیکنالوجی اور جدید حفاظتی خصوصیات بھی شامل کی گئی ہیں۔ کمپنی نے اس لگژری الیکٹرک سپورٹس کار کی قیمت تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار یورو، یعنی تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی ہے۔

فیراری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بینیڈیٹو ویگنا کے مطابق یہ منصوبہ پانچ سالہ تحقیق اور محنت کا نتیجہ ہے، جبکہ نئی گاڑی کی صارفین کو فراہمی 2026 کی آخری سہ ماہی میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

ماہرین کے مطابق ’’Luce‘‘ کی لانچ فیراری کی تاریخ میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے اور یہ الیکٹرک سپورٹس کاروں کی عالمی مارکیٹ میں اہم مقام حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

Scroll to Top