سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے بغیر رجسٹریشن اور بغیر نمبر پلیٹ چلنے والے چنگ چی رکشوں اور لوڈرز کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ماڈل روڈز، بالخصوص کینال روڈ پر بغیر رجسٹریشن اور بغیر نمبر پلیٹ چلنے والے چنگ چی رکشوں اور لوڈرز کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سڑکوں پر ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے، شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق اب بغیر نمبر پلیٹ یا رجسٹریشن کے چلنے والے چنگ چی رکشے اور لوڈرز اہم شاہراہوں پر سفر نہیں کر سکیں گے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ گاڑیاں نہ صرف ٹریفک مسائل کا باعث بنتی ہیں بلکہ حادثات یا جرائم کی صورت میں متعلقہ افراد کی شناخت میں بھی مشکلات پیدا کرتی ہیں، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق پابندی کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر نگرانی کے عمل کو بھی سخت بنایا جا رہا ہے تاکہ فیصلے پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : عوامی تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، وزیراعظم
حکام نے چنگ چی رکشہ اور لوڈر مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن مکمل کروائیں، نمبر پلیٹس لگوائیں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ محفوظ اور منظم ٹریفک نظام کے قیام میں مدد مل سکے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں کیونکہ سڑکوں پر حادثات سے بچاؤ اور محفوظ سفر کا انحصار قوانین کی پابندی پر ہی ہے۔
حکام کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی قابلِ گرفت جرم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔





