منگلا ڈیم میں پابندی کے باوجود گہرے پانی میں نہانے کا سلسلہ جاری

میرپور: آزاد کشمیر کے ضلع میرپور میں واقع منگلا ڈیم کے مختلف مقامات پر نہانے پر عائد سرکاری پابندی کے باوجود بچے، نوجوان اور بزرگ بڑی تعداد میں گہرے پانی میں نہاتے دکھائی دے رہے ہیں، جس کے باعث کسی بھی وقت بڑے حادثے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

شہری حلقوں کے مطابق حالیہ شدید گرمی کے باعث روزانہ سینکڑوں افراد ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے منگلا ڈیم کا رخ کر رہے ہیں۔ تاہم متعدد افراد انتظامیہ کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات اور پابندیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے خطرناک اور گہرے مقامات پر نہانے میں مصروف ہیں، جس سے حادثات کے امکانات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ منگلا ڈیم میں ماضی میں بھی کئی افسوسناک حادثات رونما ہو چکے ہیں، جن میں متعدد افراد ڈوب کر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اس کے باوجود شہریوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر تشویش پائی جاتی ہے۔

عوامی اور سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ منگلا ڈیم کے حساس اور خطرناک مقامات پر نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے، حفاظتی باڑیں نصب کی جائیں، نمایاں وارننگ بورڈز آویزاں کیے جائیں اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : فیراری نے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک سپورٹس کار متعارف کرا دی

شہریوں کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس مقصد کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر صورتحال پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ پیش آ سکتا ہے، جس کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں خطرناک مقامات پر نہانے سے روکیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top