تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات بے نقاب، قیادت نے فوری ایکشن لے لیا،کمیٹی تشکیل

تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات بے نقاب، قیادت نے فوری ایکشن لے لیا،کمیٹی تشکیل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا میں بڑھتے ہوئے اندرونی اختلافات کے پیش نظر پارٹی قیادت نے معاملات کو بہتر بنانے اور رابطہ کاری کو مؤثر بنانے کے لیے 6 رکنی رہبری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی کی سربراہی سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کریں گے۔ کمیٹی کا مقصد پارٹی کے اندر اختلافات کا خاتمہ، تنظیمی امور میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور پارلیمانی و حکومتی معاملات میں بہتر رابطہ کاری کو یقینی بنانا ہے۔

کمیٹی کے دیگر ارکان میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر خان، صوبائی وزرا مینا خان اور اکبر ایوب کے علاوہ پی ٹی آئی پشاور ریجن کے صدر عاطف خان شامل ہیں۔

پارٹی کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق کمیٹی ارکانِ پارلیمنٹ، پارلیمانی پارٹی اور صوبائی حکومت کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرے گی، جبکہ اہم سیاسی اور تنظیمی معاملات پر مشاورت بھی فراہم کرے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ رہبری کمیٹی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، صوبائی صدر اور تحریک تحفظ آئین کے لیے بھی ایک مشاورتی فورم کے طور پر کام کرے گی، جس کا مقصد پارٹی کے اندر اتحاد و نظم کو مضبوط بنانا ہے۔

سیاسی حلقوں کے مطابق کمیٹی کی تشکیل کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں جاری اختلافات کو کم کرنے اور پارٹی صفوں میں یکجہتی پیدا کرنے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top