پشاور میں سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن ،فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک،اسلحہ برآمد

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پشاور نے تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

حکام کے مطابق سی ٹی ڈی کی آپریشنل ٹیم نے رات آٹھ بجے کے قریب تھانہ بڈھ بیر کے علاقے میرا بچہ خیل کے مقام جانے خوڑ میں حسن خیل تشکیل سے تعلق رکھنے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کیا۔

سی ٹی ڈی ٹیم نے خوڑ کے بالائی حصے پر پہلے ہی پوزیشنیں سنبھال رکھی تھیں۔ دہشت گردوں کی آمد پر انہوں نے سکیورٹی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد سی ٹی ڈی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فتنہ الخوارج کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے ساکن تیراہ ضلع خیبر اپنے دو سے تین ساتھیوں سمیت اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، 2 پستول، 1 دستی بم، 6 میگزین اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کر لی گئیں، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

Scroll to Top