لاہور: پاکستان کے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری نے کہا ہے کہ وہ قومی ٹیم میں اپنی کارکردگی سے ٹیم کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ وہ محمد رضوان کی جگہ نہیں لے رہے کیونکہ وہ ٹیم کی پہلی ترجیح (فرسٹ چوائس) ہیں۔
لاہور میں پریکٹس سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غازی غوری نے کہا کہ انہیں قومی ٹیم میں موقع ملا ہے اور وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرفارمنس سے ٹیم کو فائدہ ہو تو اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، اور وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔
غازی غوری کا کہنا تھا کہ بابر اعظم جیسے تجربہ کار کھلاڑی کے ساتھ بیٹنگ کرنے سے دباؤ کے بجائے اعتماد ملتا ہے۔ ان کے مطابق انہیں ہدایت دی گئی تھی کہ وکٹ پر ٹھہر کر کھیلنا ہے کیونکہ اس وقت فوری رنز کی ضرورت نہیں تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی خامیوں کو بہتر بنانے کی مسلسل کوشش کرتے ہیں اور فی الحال ان کا کوئی مخصوص آئیڈیل نہیں ہے، ان کا فوکس صرف ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیل پیش کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا اسرائیلی کارروائیوں پر سخت ردعمل، لبنان سے اظہار یکجہتی
آسٹریلوی ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے غازی غوری نے کہا کہ اگرچہ آسٹریلیا میں بعض سینئر کھلاڑی موجود نہیں ہوتے، لیکن وہ ہمیشہ کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان نے 201 رنز کا ہدف 43 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، جس میں بابر اعظم 69 اور غازی غوری 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔





