پی ٹی آئی کے ناراض ارکان کا اجلاس، اسد قیصر کی کمیٹی سے ملاقات سے انکار، بیرسٹر گوہر کو خط لکھنے کا فیصلہ۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے ناراض اراکین اسمبلی کی اہم بیٹھک پشاور میں تقریباً چار گھنٹے جاری رہی، جس میں 22 صوبائی اسمبلی کے اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، حکومتی کارکردگی، پارٹی معاملات اور اراکین کے تحفظات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں شریک ایک رکن نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا اس گروپ سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں جان بوجھ کر اس معاملے سے جوڑا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے اختتام پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو باقاعدہ خط لکھا جائے گا جس میں صوبے میں گورننس کی خراب صورتحال، بدعنوانی کے الزامات، امن و امان کے مسائل اور عمران خان کی رہائی کے لیے مؤثر تحریک نہ چلانے جیسے معاملات اٹھائے جائیں گے۔
اجلاس میں شریک اراکین نے اسد قیصر کی سربراہی میں قائم چھ رکنی کمیٹی سے ملاقات سے بھی انکار کر دیا۔ شرکاء نے واضح کیا کہ وہ اپنے تحفظات اور مسائل پر صرف پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان سے براہِ راست بات چیت کریں گے اور کسی کمیٹی یا متبادل فورم کے ذریعے مذاکرات کے خواہاں نہیں ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ پارٹی کے اندرونی مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ صوبائی حکومت کی کارکردگی پر بھی متعدد سوالات اٹھائے گئے جنہیں مرکزی قیادت کے سامنے رکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق دو روز بعد ناراض اراکین کا ایک اور اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے جس میں مزید اراکینِ اسمبلی کی شرکت متوقع ہے۔





