عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا، قیمتیں 94 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئیں۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بڑی وجہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے میں تاخیر اور خطے میں جاری کشیدگی کو قرار دیا جا رہا ہے۔
مارکیٹ رپورٹس کے مطابق برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 94.29 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جبکہ امریکی خام تیل (WTI) بھی اضافے کے بعد 91.41 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے۔
اسی طرح اماراتی خام تیل مربان کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو بڑھ کر 94.43 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
توانائی شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سیاسی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث آئندہ دنوں میں تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان سمیت دیگر درآمدی ممالک پر بھی پڑتے ہیں۔ خام تیل مہنگا ہونے کی صورت میں ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ اگرچہ حکومت نے حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تھی، تاہم عالمی منڈی میں جاری اضافہ مستقبل میں نئی قیمتوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔





