بلوچستان میں امن کے محافظوں کی بڑی کامیابی، دشمن عناصر کی کمر توڑ دی گئی ،صدر، وزیراعظم، وزیر داخلہ

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ قومی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 17 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کی تعریف کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں امن کے لیے آپریشنز تیز، میر سرفراز بگٹی نے فورسز کی کارکردگی کو سراہا

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

انہوں نے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں پر فخر کرتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Scroll to Top