آسمانی بجلی اور طوفانی ہواؤں کی تباہی، خیبرپختونخوا میں درخت، دیواریں اور کھمبے گر گئے، متعدد افراد زخمی

پشاور: خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرد آلود طوفان اور بارش نے گرمی کی شدت میں کمی تو کر دی، تاہم مختلف حادثات کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

پشاور اور گردونواح میں طوفانی ہواؤں اور گرد آلود جھکڑوں کے باعث فضا میں مٹی پھیل گئی، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ تیز ہواؤں کے باعث بل بورڈز اور سائن بورڈز کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

مردان کے علاقے لنڈاکی میں دیوار گرنے کے نتیجے میں 55 سالہ سرتاج خان شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا۔

ادھر ضلع بنوں اور گردونواح میں طوفانی ہواؤں کے باعث مختلف علاقوں میں دیواریں گر گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اب تک 14 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور خلیفہ گلنواز ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ ریسکیو حکام کے مطابق مختلف علاقوں سے مسلسل ایمرجنسی کالیں موصول ہو رہی ہیں۔

ہنگو میں فیڈرل کانسٹیبلری کی سنگر چیک پوسٹ پر آسمانی بجلی گرنے سے 7 اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب لوئر کرم میں تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن کا ٹاور گر گیا، جس کے نتیجے میں پاراچنار، ملحقہ علاقوں اور پاک افغان سرحدی دیہات میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن، شہری پریشان

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔

ادھر سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی طوفان، بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔ تھرپارکر میں بارش جبکہ سکھر میں ژالہ باری ہوئی۔

لاڑکانہ، حیدرآباد، مٹیاری، ہالہ، نیو سعید آباد، شکارپور اور کندھ کوٹ میں گرد آلود طوفان نے معمولات زندگی متاثر کیے۔

پنجاب میں اسلام آباد، لاہور، جہلم، سرگودھا، گجرات، رحیم یار خان اور چنیوٹ سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی۔

Scroll to Top