بلوچستان میں امن کے لیے آپریشنز تیز، میر سرفراز بگٹی نے فورسز کی کارکردگی کو سراہا

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اور کامیاب کارروائیاں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانی اور بہادری کا واضح ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو ہرگز سبوتاژ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے حکومت، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مکمل تعاون جاری رہے گا۔

ریاست دشمن عناصر، ان کے سہولت کاروں اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں،فتنہ الہندوستان کے 17 دہشتگرد ہلاک

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک حکومت اور سکیورٹی ادارے اپنے عزم پر قائم رہیں گے اور کسی بھی صورت اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لینے والے افسران اور جوان پوری قوم کے فخر ہیں۔

Scroll to Top