اسلام آباد: تھائی لینڈ کی معروف موٹرسائیکل ساز کمپنی GPX نے پاکستانی مارکیٹ میں باضابطہ طور پر قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں رائل پاور پاکستان اور GPX تھائی لینڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں مشترکہ منصوبے کے طور پر پاکستان میں ’’رائل جی پی ایکس‘‘ کے نام سے موٹرسائیکلیں متعارف کرائیں گی۔
رائل پاور پاکستان کے مطابق نئی موٹرسائیکلوں کی لانچنگ جون 2026 سے شروع کی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں انٹری لیول پریمیم بائیکس سے لے کر بڑے انجن اور ہائی پرفارمنس موٹرسائیکلیں بھی شامل ہوں گی۔
2007 میں قائم ہونے والی GPX تھائی لینڈ کی نمایاں موٹرسائیکل کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے، جو اسپورٹس اور ریٹرو اسٹائل بائیکس کے لیے مشہور ہے۔ کمپنی کی پہچان جدید ڈیجیٹل انسٹرومنٹ کلسٹرز، ایل ای ڈی لائٹنگ اور منفرد ڈیزائنز ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پیسکو میں ملازمین کی ترقیوں کا نوٹیفکیشن جاری، گریڈ 14 میں پروموشن دے دی گئی
تاہم کمپنی کی جانب سے پاکستان میں لانچنگ کے حوالے سے ابھی تک قیمتوں، مقامی اسمبلنگ یا مخصوص ماڈلز سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
ماہرین کے مطابق ’’رائل جی پی ایکس‘‘ کی پاکستان آمد سے موٹرسائیکل مارکیٹ خصوصاً پریمیم سیگمنٹ میں مقابلہ مزید بڑھ جائے گا، جہاں صارفین پہلے ہی جدید فیچرز اور بڑے انجن والی بائیکس میں بڑھتی ہوئی دلچسپی دکھا رہے ہیں۔





