پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل نے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، ایم این اے آصف خان، اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کو پشاور میں جاری اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔
ان منصوبوں کا مقصد صوبائی دارالحکومت پشاور کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
اجلاس میں متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں ٹریفک کے مسائل کا حل، شہر کی خوبصورتی میں اضافہ، اراضی کا مؤثر استعمال، اور حیات آباد و ریگی ماڈل ٹاؤن شپس کی ترقی شامل ہیں۔
شہر کے اہم مقامات جیسے بورڈ بازار، اسلامیہ کالج، یونیورسٹی آف پشاور، اور یونیورسٹی ٹاؤن میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
رنگ روڈ کے نامکمل حصے کی تکمیل کی پیش رفت پر بھی بات کی گئی، جو ورسک روڈ کو ناصر باغ روڈ سے جوڑے گا، اور موٹر وے جنکشن پر نئے بس ٹرمینل کی تعمیر کا جائزہ بھی لیا گیا۔
چمکنی پارک اینڈ رائیڈ سہولت مکمل ہو چکی ہے، اور ناصر باغ روڈ کے آغاز میں یوٹرن کے لیے ایک پل 30 دن میں مکمل کر لیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے پی ڈی اے کو منصوبوں کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک ٹریکنگ شیٹ تیار کرنے کی ہدایت دی تاکہ منصوبوں کی پیش رفت کو قریب سے مانیٹر کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا میں گیسٹرو کے کیسز میں اضافہ، 19 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ
انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کو پشاور ماسٹر پلان کے مطابق بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور ٹریفک مسائل کے حل کے لیے ایک جامع مطالعہ کی تجویز دی۔
پشاور کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے پی ڈی اے نے ایک وسیع شجرکاری مہم شروع کی ہے، جس کے تحت شہر بھر میں 82,400 پودے لگائے جائیں گے۔ مزید برآں، اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات کی گئی، تاکہ شہر کی ترقی کو تیز کیا جا سکے۔
چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ پشاور خیبر پختونخوا کا چہرہ ہے اور پی ڈی اے کا کردار شہر کی ترقی اور خوبصورتی میں کلیدی ہے۔ انہوں نے پشاور کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور سرمایہ کاروں و سیاحوں کے لیے شہر کو مزید پرکشش بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔