پی آئی اے کا اسلام آباد، بیجنگ براہِ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان

اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے 3 جولائی سے اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان ایک اہم فضائی رابطہ دوبارہ فعال ہو جائے گا۔

قومی ایئرلائن کے اعلامیے کے مطابق اسلام آباد، بیجنگ روٹ کی بحالی کا فیصلہ طلبہ، کاروباری شخصیات، سیاحوں اور دونوں ممالک میں مقیم خاندانوں کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

پی آئی اے کا کہنا ہے کہ نئی سروس کے ذریعے مسافروں کو براہِ راست سفر، بہتر سہولیات، مسابقتی کرایوں اور زیادہ سامان لے جانے کی سہولت میسر آئے گی۔ اس کے علاوہ مسافروں کو دیگر ممالک میں طویل ٹرانزٹ اور انتظار کی زحمت سے بھی نجات ملے گی۔

تعلیمی حلقوں نے اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے طلبہ، اساتذہ، محققین اور تعلیمی وفود کی آمدورفت مزید آسان ہو جائے گی۔ اس وقت ہزاروں پاکستانی طلبہ چین جبکہ بڑی تعداد میں چینی طلبہ پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس روٹ کی بحالی سے سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ ٹریول انڈسٹری سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اعلان کے بعد مسافروں کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران سفر کرنے والے خاندانوں اور سیاحوں کو بھی اس اقدام سے فائدہ پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں : انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں، فیصل کریم کنڈی

پی آئی اے انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی ایئرلائن پاکستان اور چین کے درمیان فضائی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، سیاحت، تعلیم و ثقافتی تبادلوں کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

حکام کے مطابق اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، کاروباری سرگرمیوں اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Scroll to Top