پیٹرول سستا، مگر مٹی کا تیل مہنگا، اوگرا نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا
عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں ملا جلا ریلیف، پیٹرول کی قیمت میں کمی کے ساتھ مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 70 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 280 روپے 70 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔
اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 272 روپے فی لیٹر تھی۔دوسری جانب حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے، جس سے صارفین کو جزوی ریلیف ملا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے، تاہم اس کے باوجود قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
مزید برآں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔ایندھن کی قیمتوں میں اس ردوبدل کے بعد عوام کو مختلف سطح پر ملا جلا اثر محسوس ہوگا، جہاں پیٹرول سستا ہوا ہے وہیں مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ سامنے آیا ہے۔





