معروف ٹک ٹاکر ندیم مبارک عرف “نانی والا” قانونی مشکلات میں گھر گئے ان کے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور پولیس اہلکاروں سے مبینہ بدتمیزی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے، کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری ملازم کو دھمکیاں دینے سمیت مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ ایک لگژری گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے رفتار تیز کرتے ہوئے ون وے پر دوڑا دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کا تعاقب کیے جانے پر ملزم نے اہلکاروں کی سرکاری گاڑی کو ٹکر مارنے کی بھی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاکر ثنا یوسف کیس میں نئی پیش رفت سامنے آگئی
دوسری جانب ڈیفنس سی پولیس نے ٹریفک پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں چلانے، غیر معیاری نمبر پلیٹس استعمال کرنے اور غیر قانونی طور پر نیلی یا سبز بتی لگانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





