تبلیغ سے واپس آنے والا نوجوان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق
پشاور کے علاقے یکہ توت میں 40 روزہ تبلیغی سفر مکمل کرکے واپس آنے والے ایک نوجوان کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ملک امیر حمزہ کے نام سے ہوئی ہے، جو شام کی نماز کے بعد گھر سے یہ کہہ کر نکلا تھا کہ وہ کام کے سلسلے میں گلبہار جا رہا ہے۔ تاہم وہ واپس نہ لوٹا، جس پر اہل خانہ کو تشویش لاحق ہوئی۔
مقتول کے والد غلام صابر نے آغا میرجانی شاہ پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ بعد ازاں انہیں اطلاع ملی کہ عیسیٰ خیل جنازہ گاہ کے قریب نامعلوم افراد نے ان کے بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ قتل کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں رہزنی کے پہلو کو بھی مدنظر رکھ کر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس نے مقدمہ دفعہ 302 کے تحت درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں مقتول کے رشتہ داروں اور دوستوں سے پوچھ گچھ جاری ہے، جبکہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کرکے چھان بین کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک امیر حمزہ حال ہی میں 40 روزہ تبلیغی سفر مکمل کرکے واپس آئے تھے۔ ان کی المناک موت پر اہل خانہ اور علاقے میں گہرے رنج و غم کی فضا پائی جاتی ہے۔





