گلگت بلتستان انتخابات، شفاف، منصفانہ اور پرامن عمل کے لیے کنٹرول روم قائم، 24 گھنٹے نگرانی جاری رہے گی
گلگت بلتستان میں شفاف، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے چیف الیکشن کمشنر نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پرسنل سیکرٹری کے کمرے کو کنٹرول روم قرار دے دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کنٹرول روم 6 جون سے 8 جون تک مسلسل فعال رہے گا اور 24 گھنٹے آپریشنل حیثیت میں انتخابی عمل کی نگرانی کرے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی اور انتظامی امور کی مکمل نگرانی کرے گا جبکہ انتخابات کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کنٹرول روم کے قیام اور اس کے طریقہ کار سے متعلق تمام متعلقہ اداروں کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ انتخابی عمل کو شفاف، منظم اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان اسمبلی کے لیے انتخابی دنگل آج سجنے جا رہا ہے، جہاں 24 نشستوں پر ووٹنگ کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔





