گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں الیکشن ڈیوٹی انجام دینے والے پریزائیڈنگ آفیسر دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔
ذرائع کے مطابق جی بی اے 14 استور حلقہ ٹو میں تعینات پریزائیڈنگ آفیسر اور محکمہ تعلیم کے استاد الیاس خاکی کو ڈیوٹی کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مرحوم کی میت کو عیدگاہ استور منتقل کر دیا گیا۔
افسوسناک واقعے کے باوجود جی بی اے 14 استور حلقہ ٹو میں پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں جاری ہے۔ انتخابی عمل کو شفاف اور محفوظ بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولنگ اسٹیشنوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان نے کہا ہے کہ خطے بھر میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے بلا تعطل جاری ہے۔ عوام کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کے دورے کے بعد بتایا کہ خواتین پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کی بڑی تعداد دیکھنے میں آ رہی ہے، جبکہ عوام انتخابات میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے امید ظاہر کی کہ ووٹرز پرامن انداز میں اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے جمہوری عمل کو کامیاب بنائیں گے اور علاقے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔





