11 جون تک موسم کا بڑا اپ ڈیٹ! گرمی یا بارش ؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

مزید بارشیں!گرمی کا زور ٹوٹنے والا ہے، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی سامنے آگئی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، شمالی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں 10 جون تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے میدانی اضلاع پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

دوسری جانب بالائی علاقوں میں موسم جزوی طور پر مختلف رہنے کی توقع ہے۔ سوات، دیر، چترال، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 11 اور 12 جون سے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی صورتحال میں تبدیلی متوقع ہے، جس کے دوران خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔ راولپنڈی، لاہور اور دیگر شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 11 اور 12 جون کو پشاور، سوات، چترال، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش جبکہ بلوچستان کے اضلاع ژوب اور موسیٰ خیل میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

ادھر سندھ کے بیشتر اضلاع کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 12 جون سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے، جو آئندہ دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

Scroll to Top