جنوبی شہر نصیریا کے قریب ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں مسافر بس کے الٹنے اور آگ لگنے سے کم از کم 21 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے ہیں، جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس کا ڈرائیور ہائی وے پر گاڑی کا کنٹرول کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں بس الٹ گئی اور چند ہی لمحوں میں آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔
پولیس اور طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ 21 افراد موقع پر اور اسپتال میں دم توڑ گئے، جبکہ 19 زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق زیادہ تر زخمی شدید جھلس چکے ہیں اور ان کی حالت نازک ہے۔
عراقی وزیرِاعظم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے اور متعلقہ حکام سے حادثے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم حادثے نے پورے علاقے میں سوگ کی فضا پیدا کر دی ہے۔





