ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا مزید سستا ہو گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ بازار کے مطابق آج سونے کے فی تولہ نرخ میں 3 ہزار 94 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ اس کمی کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 52 ہزار 233 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران مجموعی طور پر سونے کی قیمت میں 17 ہزار 52 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے صرافہ بازار اور سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 785 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 86 ہزار 987 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتیں متاثر ہو رہی ہیں۔
صرافہ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی رجحانات کے مطابق آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید ردوبدل کا امکان موجود ہے۔





