وفاقی بجٹ کی تاریخ میں دوسری بار ردوبدل کا امکان

وفاقی بجٹ کی تاریخ میں دوسری مرتبہ ردوبدل کا امکان سامنے آ گیا ہےجس کے تحت بجٹ 12 جون کو پیش کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے تاہم تاحال وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کرنے کا شیڈول برقرار ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل وفاقی بجٹ پیش کرنے کی تاریخ 5 جون مقرر تھی جسے تبدیل کرکے 10 جون کیا گیا تھا اور اب اسے مزید آگے بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اجلاس کا معاملہ بھی کل تک مؤخر ہو گیا ہے جبکہ رواں مالی سال کا اقتصادی جائزہ (اکنامک سروے) کل شام جاری کرنے کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

اس دوران وزیراعظم اور صدرِ مملکت کے درمیان ایک اہم ملاقات بھی متوقع ہے جس میں حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان موجود تحفظات اور دیگر اہم سیاسی و معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : بجٹ سے قبل ہی سولر پینلز کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ شیڈول، قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے انعقاد اور اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے سے متعلق تمام حتمی فیصلے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے اندر متوقع ہیں۔ ان فیصلوں کے بعد ہی وفاقی بجٹ کی حتمی تاریخ کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

Scroll to Top