سابق ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کی نماز جنازہ و تدفین کا اعلان

تہران: ایرانی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سابق رہبرِ اعلیٰ سید علی خامنہ ای شہید کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کی نماز جنازہ اور تدفین عاشورہ محرم کے بعد انجام دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق سید آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین سے متعلق حتمی تاریخ اور وقت کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ سابق رہبرِ اعلیٰ کی آخری رسومات کے حوالے سے متعلقہ ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جلد تفصیلی شیڈول اور انتظامات جاری کیے جائیں گے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سید علی خامنہ ای 28 فروری 2026 کو مبینہ طور پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں تہران میں شہید ہوئے تھے، جبکہ سرکاری میڈیا نے اگلے روز ان کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : افواج پاکستان کا افغانستان کے اندر دہشت گرد ٹھکانوں پر بڑا حملہ

رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد ایران میں سیاسی اور مذہبی سطح پر اہم تبدیلیاں رونما ہوئیں اور مجتبیٰ خامنہ ای کو ملک کا نیا رہبرِ اعلیٰ مقرر کیا گیا۔

چند روز قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ حملے کے وقت خامنہ ای کے دفتر میں موجود تھے تاہم محفوظ رہے۔

دوسری جانب ایرانی عوام اور مذہبی حلقوں کی جانب سے نماز جنازہ اور تدفین کے باضابطہ اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ عاشورہ محرم کے بعد آخری رسومات کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

Scroll to Top