حکومت کا قومی بچت سکیموں کے منافع میں اضافے کا اعلان

وفاقی حکومت نے قومی بچت (نیشنل سیونگز) اور سروا اسلامک اسکیموں کے شرح منافع میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے جس کا فوری اطلاق آج 10 جون سے ہوگا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ پر پہلے پانچ منافعوں کے لیے سالانہ شرح بڑھا کر 12.4 فیصد جبکہ چھٹے اور آخری منافع کے لیے 13.6 فیصد مقرر کی گئی ہے۔

ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ کے تحت مختلف سالوں کے لیے منافع بڑھایا گیا ہے جو دسویں سال میں 216 فیصد تک پہنچ جائے گا۔

ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر اب ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر 12.24 فیصد سالانہ کے حساب سے ماہانہ ایک ہزار روپے منافع ملے گا۔

بیواؤں، بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے مخصوص بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ، ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر منافع کی شرح 13.20 فیصد سالانہ مقرر کی گئی ہےجس کے تحت ایک لاکھ روپے پر ماہانہ 1100 روپے منافع دیا جائے گا۔

مختصر مدتی بچت سرٹیفکیٹس کے لیے تین ماہ، چھ ماہ اور ایک سال کی مدت پر بالترتیب 11.4، 11.66 اور 11.77 فیصد سالانہ منافع ملے گا، جبکہ عام سیونگ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح 10 فیصد پر برقرار رکھی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 1500 روپے کے پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی کی تاریخ سامنے آ گئی

دوسری جانب سروا اسلامک اسکیموں کے منافعوں میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے۔ سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ کے تحت ایک سالہ مدت کے لیے متوقع سالانہ شرح 11.88 فیصد، تین سال کے لیے 9.16 فیصد اور پانچ سالہ مدت کے لیے 11.16 فیصد مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ پر 11.88 فیصد سالانہ منافع کے ساتھ ایک لاکھ روپے پر ماہانہ 990 روپے ادا کیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام اسکیموں پر قواعد کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس، زکوۃ اور دیگر ضروری کٹوتیاں لاگو ہوں گی۔

Scroll to Top