انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹر ہیری بروک نے اپنے ہی سابق کپتان جو روٹ سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔
بدھ کو جاری ہونے والی اس نئی فہرست میں جو روٹ دو درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ایک درجہ پیش قدمی کے ساتھ اب دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
بیٹرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ چوتھے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ سری لنکا کے کمنڈو مینڈس پانچویں اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقا کے ٹیمبا باووما ساتویں، بھارت کے شبمن گل دو درجے بہتری کے ساتھ آٹھویں، یشسوی جیسوال نویں اور سری لنکا کے دنیش چندیمل دسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کرکٹر شاہین آفریدی ٹیسٹ ٹیم سے مستقل طور پر باہر، پی سی بی کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا
ٹیسٹ بولرز کی درجہ بندی میں بھارت کے جسپریت بمراہ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک دوسرے اور کپتان پیٹ کمنز تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقا کے مارکو جینسن چوتھے، آسٹریلیا کے اسکاٹ بولینڈ پانچویں اور پاکستان کے تجربہ کار اسپنر نعمان علی ایک درجہ ترقی کے بعد اب چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بولنگ رینکنگ کے بقیہ حصے میں نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری تین درجے گر کر ساتویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
جنوبی افریقا کے کگیسو رباڈا آٹھویں اور آسٹریلیا کے جوش ہیزلووڈ نویں نمبر پر برقرار ہیں جبکہ انگلینڈ کے تیز گیند باز گس ایٹکنسن شاندار کارکردگی کی بدولت سات درجے کی لمبی چھلانگ لگا کر ٹاپ ٹین بولرز میں شامل ہو گئے ہیں۔





