بجٹ میں کوئی ایسا وعدہ نہیں جو پورا نہ کیا جا سکے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجٹ تقریر میں کوئی ایسی بات نہیں کی گئی جسے حکومت پورا نہ کر سکے، جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں معاشی ترقی کے لیے واضح اور قابل عمل اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجٹ میں برآمدات، صنعت، آئی ٹی، زراعت اور تنخواہ دار طبقے کو خصوصی توجہ دی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات کے فروغ کے لیے خصوصی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے تاکہ ملک میں ڈیجیٹل معیشت کو وسعت دی جا سکے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے انکم ٹیکس میں کمی کی گئی ہے، جبکہ کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات تجویز کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اس کے فوائد دو اہم شعبوں میں حکومت تک پہنچ چکے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت، نگرانی اور ریونیو نظام میں بہتری آئی ہے۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنانا چاہتی ہے تاکہ ایکسپورٹ سیکٹر کو درپیش مشکلات کم ہوں اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں: بڑا فیصلہ متوقع! خیبر پختونخوا حکومت نے 3 ماہ کے عبوری بجٹ پر غور شروع کر دیا

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کا بنیادی مقصد معاشی استحکام کو مضبوط بنانا، پیداواری شعبوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور پائیدار اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھنا ہے، حکومت اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے اور بجٹ میں کیے گئے اعلانات کو عملی شکل دی جائے گی۔

Scroll to Top