برمنگھم: آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ویمنز ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، روایتی حریف بھارت نے 64 رنز سے شکست دے دی۔
بھارت کی جانب سے دیے گئے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز سے قبل 106 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن بھارتی باؤلرز کے سامنے بے بس دکھائی دی۔ گل فیروزہ اور عائشہ ظفر 12، 12 رنز بنا سکیں جبکہ سائرہ جبین صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئیں۔
اس سے قبل بھارتی ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے سمرتی مندھانا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 68 رنز اسکور کیے اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹ میں بڑی واپسی کا اشارہ؟ یونس خان کا اہم بیان سامنے آگیا
بھارتی باؤلرز نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دپتی شرما نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شری چرانی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس فتح کے ساتھ بھارت نے ٹورنامنٹ میں کامیاب آغاز کیا جبکہ پاکستانی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔





