امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ ایک اہم امن معاہدے کے قریب پہنچ چکا ہے اور موجودہ صورتحال میں بیروت پر حملہ مناسب نہیں تھا۔
سوشل ٹرتھ پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، تاہم جس کارروائی کے جواب میں حالیہ حملہ کیا گیا وہ “انتہائی معمولی” نوعیت کا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے۔
ٹرمپ نے کہا امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدہ نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ لبنان سمیت پورے خطے میں امن کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے معاہدے کے بہت قریب ہیں جو خطے میں طویل اور پائیدار امن لا سکتا ہے، اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران نے آیت اللّٰہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے انتظامات مکمل کر لیے
انہوں نے مزید کہا کہ بیروت پر مزید کسی حملے سے گریز کیا جانا چاہیے جبکہ کسی بھی فریق کی جانب سے اسرائیل پر حملے بھی نہیں ہونے چاہئیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں بیروت اور خطے کی مجموعی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ موقع ایک خوبصورت اور طویل امن کے آغاز کا باعث بن سکتا ہے۔





