تھائی لینڈ کی معروف موٹر سائیکل کمپنی جی پی ایکس نے پاکستان کی موٹر سائیکل مارکیٹ میں باقاعدہ قدم رکھ دیا ہے اور “رائل جی پی ایکس” کے نام سے اپنی نئی موٹر سائیکلیں متعارف کرائی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی نے پاکستانی صارفین کے لیے لیبرے سیریز کے دو ماڈلز پیش کیے ہیں جن میں رائل جی پی ایکس لیبرے 125 اور رائل جی پی ایکس لیبرے 150 شامل ہیں۔
یہ دونوں ماڈلز روزمرہ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے تیار کیے گئے ہیں، تاہم ان میں جدید ڈیزائن، اسپورٹی لُک اور بہتر فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے رائل جی پی ایکس لیبرے 125 کی قیمت 3 لاکھ 25 ہزار روپے جبکہ زیادہ طاقتور ماڈل لیبرے 150 کی قیمت 3 لاکھ 75 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
لیبرے 125 میں 123 سی سی ایئر کولڈ انجن دیا گیا ہے جو 7.78 ہارس پاور اور 9 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ اس ماڈل میں 6 اسپیڈ گیئر سسٹم، کاربوریٹر فیول سسٹم، 17 لیٹر فیول ٹینک اور فرنٹ ڈسک جبکہ رئیر ڈرم بریک شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ موٹر سائیکل تقریباً 43 کلومیٹر فی لیٹر فیول ایوریج فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ اس کا وزن 120 کلوگرام ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 200 روپے پرائز بانڈ ڈرا نمبر 106 کے نتائج جاری، خوش نصیب افراد کے نام سامنے آگئے
دوسری جانب لیبرے 150 ماڈل میں 149 سی سی ایئر کولڈ انجن دیا گیا ہے جو 12 ہارس پاور اور 11 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔
اس میں 6 اسپیڈ گیئر سسٹم، جدید الیکٹرانک فیول انجکشن ٹیکنالوجی، 17 لیٹر فیول ٹینک، فرنٹ ڈسک اور رئیر ڈرم بریک شامل ہیں۔ اس ماڈل کا وزن 125 کلوگرام ہے اور یہ تقریباً 38 کلومیٹر فی لیٹر تک فیول ایوریج دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق دونوں ماڈلز میں ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس، ڈیجیٹل اسپیڈو میٹر اور سیلف اسٹارٹ جیسے جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جبکہ صارفین اضافی قیمت ادا کر کے ٹائپ سی چارجنگ پورٹ، اینٹی تھیفٹ الارم اور آف روڈ ٹائرز بھی لگوا سکتے ہیں۔
آٹو ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلے سے موجود جاپانی برانڈز کی مضبوط موجودگی کے باوجود جی پی ایکس کی انٹری سے 125 سی سی اور 150 سی سی کیٹیگری میں مقابلہ مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔





