کئی شہروں میں موسلادھار بارش، تپتی دھرتی پر رحمت برسی، چہرے کھل اٹھے

کئی شہروں میں موسلادھار بارش، تپتی دھرتی پر رحمت برسی، چہرے کھل اٹھے

شدید گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں کے لیے خوشخبری، پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

کامونکی اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث موسم سہانا ہو گیا جبکہ شکرگڑھ، کرتارپور، نورکوٹ اور مضافاتی علاقوں میں بارش کے بعد نشیبی مقامات پر پانی جمع ہو گیا۔

نارووال اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، جبکہ شاہ کوٹ، ننکانہ صاحب اور سرائے مغل میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ پتوکی، پنڈی بھٹیاں اور مانانوالہ میں بارش کے باعث متعدد بجلی فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی صبح سویرے ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار رہا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کے باعث گرمی اور حبس میں مزید کمی آ گئی۔ شاہراہ فیصل، گلشن اقبال، طارق روڈ، بہادر آباد، صدر اور کھارادر سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں اور موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں آئندہ چند روز تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں مزید کمی متوقع ہے۔

ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی، خیبر پختونخوا میں بھی بارش کا امکان محکمہ موسمیات نے آج سے 20 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارشیں متوقع ہیں، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔ادارے کے مطابق سندھ کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی اور اس کے گرد و نواح میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top