خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام، اسکولوں کے پی ٹی سی گرانٹس میں نمایاں اضافہ

خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام، اسکولوں کے پی ٹی سی گرانٹس میں نمایاں اضافہ

خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں کے لیے پی ٹی سی گرانٹس میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اہم اصلاحات کی منظوری دے دی ہے۔

صوبائی کابینہ نے پی ٹی سی گرانٹس کو تین نئی مدات میں تقسیم کرنے کی منظوری دی ہے، جس کا مقصد اسکولوں کی کارکردگی بہتر بنانا اور تعلیمی معیار میں اضافہ کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کلاس روم کنزیوم ایبلز گرانٹ 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 13 ہزار روپے فی کلاس روم کر دی گئی ہے، جبکہ پی ٹی ریپیئرز گرانٹ 7 ہزار روپے سے بڑھا کر 16 ہزار روپے فی کلاس روم مقرر کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ طلبہ کے داخلوں اور حاضری میں اضافہ کے لیے فی طالب علم 300 روپے کی کیپیٹیشن گرانٹ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔

مجموعی طور پر پی ٹی سی گرانٹس کے لیے سالانہ 6.185 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ محکمہ خزانہ نے تیسری اور چوتھی سہ ماہی کے لیے 3.073 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔

جاری کردہ فنڈز میں بندوبستی اضلاع کے اسکولوں کے لیے 2 ارب 73 کروڑ 87 لاکھ روپے جبکہ ضم شدہ اضلاع کے لیے 33 کروڑ 42 لاکھ روپے شامل ہیں۔

فنڈز کی مکمل فراہمی کے بعد پی ٹی سی گرانٹس کی 100 فیصد ادائیگی مکمل ہو گئی ہے، جس سے اسکولوں میں سہولیات کی بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top