پشاور: خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں مفت گردہ ٹرانسپلانٹ سروسز کا آغاز، پہلا ٹرانسپلانٹ کامیاب

پشاور : خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں مفت گردہ ٹرانسپلانٹ سروسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جہاں پہلا گردہ ٹرانسپلانٹ کامیابی سے انجام دے دیا گیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ اہم پیش رفت صوبے میں صحت کی سہولیات کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

تفصیلات کے مطابق 14 جون 2026 کو ہونے والے پہلے کامیاب ٹرانسپلانٹ میں ایک حقیقی بھائی نے اپنے بھائی کو گردہ عطیہ کیا۔ آپریشن خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جدید طبی سہولیات اور ٹرانسپلانٹ ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث مریض اور ڈونر دونوں کی حالت تسلی بخش رہی، جبکہ مکمل صحت یابی کے بعد انہیں ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر مملکت نے تیل اور گیس کی قیمتوں سے متعلق خوشخبری سنادی

انتظامیہ کے مطابق خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں گردہ ٹرانسپلانٹ کی جدید سہولت اب مستحق مریضوں کو مفت فراہم کی جائے گی، جس سے گردوں کے امراض میں مبتلا افراد کو معیاری اور بروقت علاج میسر آئے گا۔

مریض اور ڈونر نے حکومت خیبر پختونخوا، ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور ٹرانسپلانٹ ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مفت اور معیاری علاج کی بدولت انہیں نئی زندگی ملی ہے۔

حکومت خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ چیئرمین عمران خان کے عوامی فلاحی وژن اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں صحت کے شعبے میں اصلاحات اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

Scroll to Top