پنجاب حکومت کے فنانس بل میں الیکٹرک گاڑیوں کے مالکان کے لیے بڑی سہولت کی تجویز سامنے آگئی ہے، جس کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس میں 99 فیصد تک چھوٹ دینے کی تجویز شامل کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فنانس بل میں پراپرٹی ٹیکس کے قوانین میں بھی مجوزہ تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔ تجویز کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی میں تاخیر پر ماہانہ کے بجائے سہ ماہی بنیاد پر جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق زرعی انکم ٹیکس سے متعلق بھی تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں، جن کے تحت ساڑھے 12 ایکڑ سے زائد زمین رکھنے والوں پر ایک ہزار روپے فی ایکڑ ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
فنانس بل میں نہری باغات پر ٹیکس 600 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے فی ایکڑ کرنے جبکہ بارانی باغات پر ٹیکس 300 روپے سے بڑھا کر 500 روپے فی ایکڑ کرنے کی تجویز شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عوام کیلئے بڑی خوشخبری، قیمتوں میں کمی کے متعلق بڑا اعلان
اسی طرح فصل کی بنیاد پر نہری پانی کی قیمت وصول کرنے کے بجائے فلیٹ ریٹ نظام متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
مجوزہ فنانس بل کے مطابق خریف سیزن کے لیے نہری پانی کی قیمت 1650 روپے فی ایکڑ جبکہ ربیع سیزن کے لیے 850 روپے فی ایکڑ ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے۔
فنانس بل کی حتمی منظوری کے بعد ان تجاویز پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا جائے گا۔





