علی بابا گروپ کا پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے اے آئی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

علی بابا گروپ کا پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے اے آئی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

معروف چینی ای کامرس پلیٹ فارم علی بابا ڈاٹ کام نے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کی برآمدات بڑھانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جدید ڈیجیٹل سلوشنز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے ایشیا پیسیفک کے جنرل منیجر شان یانگ کی قیادت میں علی بابا گروپ کے ایک وفد نے وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈیجیٹل تجارت کے فروغ، صنعتی ترقی اور پاکستانی ایس ایم ایز کی برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لیے مشترکہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے تعاون سے DigiSME Pakistan پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

علی بابا گروپ کے نمائندے شان یانگ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی مصنوعات میں بین الاقوامی خریداروں کو متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، اور علی بابا کے اے آئی بیسڈ ٹولز اس عمل کو مزید مؤثر بنائیں گے۔ ان کے مطابق یہ ٹیکنالوجی پاکستانی کاروباری افراد کو عالمی ڈیمانڈ کے مطابق اپنی مصنوعات کو بہتر طور پر پیش کرنے میں مدد دے گی۔

دوسری جانب معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ حالیہ پاک چین تعاون اور مفاہمتی یادداشتوں کے تحت علی بابا جیسے پلیٹ فارمز کی شمولیت سے پاکستانی ایس ایم ایز کو عالمی تجارت میں نئی راہیں ملیں گی اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔

حکام کے مطابق یہ اقدام پاکستان کی برآمدات بڑھانے اور چھوٹے کاروباروں کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top