قیامِ امن کیلئے حکومتِ پاکستان، فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ سرگرمِ عمل رہے، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کے بادل چھٹ چکے ہیں اور امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششیں کامیاب رہی ہیں۔

انہوں نے ان دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کا ساتھ دیا۔

وزیراعظم سے مسلم لیگ (ن) کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت آئندہ کے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے خواتین ارکانِ پارلیمنٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے بجٹ اجلاس میں ان کی فعال اور بھرپور شرکت کو سراہا۔

گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے اپنی استطاعت کے مطابق بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور قومی دھارے میں ان کی مؤثر شمولیت بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔

ان کے بقول خواتین کو ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے قابل بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ اور ایران کے درمیان مجوزہ 14 نکاتی معاہدے کی تفصیلات جاری

وزیراعظم نے کہا کہ قیامِ امن کے لیے حکومتِ پاکستان، فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ مسلسل متحرک اور سرگرم عمل رہے۔

انہوں نے زور دیا کہ خطے اور دنیا میں پائیدار امن کا قیام ہی پاکستان سمیت دیگر ممالک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران عالمی سطح پر مہنگائی کے دباؤ کے باوجود حکومت نے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی۔

وزیراعظم کے مطابق حالیہ چیلنجز کے دوران ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے باہمی تعاون کا مظاہرہ کیا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت نے بجٹ میں ہر ممکن طریقے سے عوامی ریلیف کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے، جبکہ ملکی معیشت کے استحکام اور بہتری میں عوام کے تعاون کا کردار بھی انتہائی اہم رہا ہے۔

Scroll to Top