آج عوام کو بڑا ریلیف ملے گا؟ پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق اہم اعلان متوقع

آج عوام کو بڑا ریلیف ملے گا؟ پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق اہم اعلان متوقع

ملک بھر کے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کی خوشخبری ملنے کا امکان ہے، کیونکہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آج نئی قیمتوں کے اعلان کی توقع کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی، جس کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مرتب ہونے کی توقع ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کاوشیں مثبت نتائج دے رہی ہیں اور ایران و امریکا جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے۔ اسی مقصد کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے شفاف ہفتہ وار فارمولہ تیار کرنے کی خاطر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

علی پرویز ملک کے مطابق نئے فارمولے کے ذریعے عوام قیمتوں میں اضافے یا کمی کی وجوہات کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے، جبکہ اس نظام کی تیاری میں تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود حکومت نے ملک میں تیل کی سپلائی چین کو بلا تعطل برقرار رکھا، جبکہ توانائی سلامتی کے نظام کا بھی ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ بحران سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ ریلیف ملنے کی امید ہے، تاہم حتمی اعلان وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

Scroll to Top