فضل نبی
محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ضلع نوشہرہ میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ گوہر زمان وزیر نے ضابطہ فوجداری کے تحت ایک اہم حکم نامہ جاری کرتے ہوئے یکم سے 10 محرم الحرام تک ضلع بھر میں اسلحے کی نمائش، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور آتش بازی سمیت متعدد سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ان سخت سیکیورٹی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نوشہرہ کی سفارشات اور سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں کیا گیا ہے تاکہ شرپسند عناصر اور امن دشمن قوتوں کی سرگرمیوں کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔
نئے احکامات کے تحت نوشہرہ کینٹ اور رسالپور میں جلوسوں کے راستوں کے قریب ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، جبکہ یکم محرم سے دسویں محرم تک اسلحہ ساتھ لے کر چلنے پر بھی مکمل پابندی رہے گی۔ اس کے علاوہ اسلحہ کے تمام پرمٹس اور لائسنس عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں اور ضلع بھر میں اسلحہ ڈیلرز اور گن شاپس بند رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں دفعہ 144 نافذ
حکم نامے میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مزید سختیاں کی گئی ہیں، جس کے تحت جعلی یا غیر رجسٹرڈ نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے استعمال، پٹاخوں کی فروخت، تیزاب کی خرید و فروخت، کرائے پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کے کاروبار اور کھلے عام پٹرول و ڈیزل کی فروخت پر بھی پابندی عائد رہے گی۔
فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والی تقاریر اور اشتعال انگیز مواد کی اشاعت و تقسیم پر چہلم تک پابندی رہے گی، جبکہ جلوسوں اور امام بارگاہوں کے اطراف عمارتوں کی چھتوں پر کھڑے ہونے اور مخصوص علاقوں میں افغان مہاجرین کی نقل و حرکت پر بھی قدغن لگا دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان تمام اقدامات کا واحد مقصد محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، بین المسالک احترام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو مطلع کریں۔





