مذاکراتی عمل میں پاکستان کا کردار فیصلہ کن قرار، ایران کا اظہارِ تشکر

ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکراتی عمل میں پاکستان کی کاوشیں اہم اور قابلِ تعریف ہیں، جن کی بدولت جنگ بندی اور مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی۔

یہ بات انہوں نے ایرانی شہر مشہد میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہی، جو ہنگامی دورے پر ایران پہنچے تھے۔ ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران ذمہ دارانہ اور متوازن سفارت کاری کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے اور مذاکراتی عمل کو استحکام دینے میں مدد ملی۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات، خطے کی صورتحال، سرحدی تعاون اور دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران مفاہمتی یادداشت، وزیراعظم شہباز شریف لیک لوزن سمٹ میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ

محسن نقوی نے پاکستان کی جانب سے خطے میں امن، سفارت کاری اور کشیدگی میں کمی کے لیے مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ پرامن حل اور علاقائی استحکام کا حامی رہا ہے۔

ایرانی صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور پاکستان آئندہ بھی باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے خطے میں امن اور استحکام کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھیں گے۔

Scroll to Top