لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے 9 مئی کے واقعات سے اب تک کوئی سبق نہیں سیکھا، جبکہ اس معاملے سے متعلق آڈیو اور ویڈیو شواہد موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 9 مئی کو اپنے ساتھ زیادتی کا دعویٰ کیا جاتا ہے، لیکن جب ثبوت پیش کرنے کا کہا جائے تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہوتا۔
پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما جب بھی سیاسی میدان میں آتے ہیں تو گولی اور تشدد کی بات کرتے ہیں، تاہم حکومت اس انداز کی زبان میں جواب نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے کرپشن کے الزامات لگانا مضحکہ خیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان دباؤ کا شکار ہیں اور ان کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ ان کے مطابق بے بنیاد الزام تراشی پی ٹی آئی کا معمول بن چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کی تقاریر کا آغاز بغاوت سے ہوتا ہے اور اختتام ہتھیاروں کی بات پر ہوتا ہے، جبکہ پارٹی قیادت کے اندرونی معاملات سے بھی سب واقف ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بطور سیاسی کارکن انہیں اپوزیشن کے ساتھ ہمدردی ہے، سیاسی اختلاف اور تنقید جمہوریت کا حصہ ہیں اور اسے برداشت کیا جا سکتا ہے، لیکن جھوٹ کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 100 سے زائد منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والوں کو پشاور سمیت دیگر علاقوں کی محرومیاں بھی دیکھنی چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کردار نوبل پیس پرائز سے بھی بڑھ کر ہے، رانا ثنا
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بس سروس کا آغاز ایک انقلابی قدم ہے، جس سے عوام کو سفری سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 1100 نئی الیکٹرک بسوں کا بیڑا بھی جلد پنجاب پہنچ جائے گا جبکہ خانیوال اور لیہ میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے طلبہ میں 33 ہزار سے زائد وظائف تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ پنجاب میں طالبات کو الیکٹرک بائیکس بھی فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام جاری ہے اور الیکٹرک بسوں سمیت دیگر اقدامات پر شہری وزیراعلیٰ پنجاب کو سراہ رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں اور حکومت عوامی سہولت کے لیے مختلف منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک شخص ماضی میں کہتا تھا کہ سڑکیں بنانے سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، اگر سڑکیں ترقی کا ذریعہ نہیں تو پھر ترقی کے دعوے کیوں کیے جاتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ وہ درست مینڈیٹ کے ساتھ آئی ہے اور باقی سب غلط ہیں، جبکہ ان کی سیاست زیادہ تر سوشل میڈیا تک محدود ہے۔





