خواتین کیلئے کاروبار کی نئی راہ، لاکھوں روپے قرضہ سہولت کا آغاز

اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے خواتین کی زیر نگرانی چلنے والے مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) کیلئے ملک کی پہلی خصوصی ڈیجیٹل فنانسنگ پروڈکٹ کی منظوری دے دی ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق ’خودمختار خاتون‘ کے نام سے متعارف کرائی گئی اس پروڈکٹ کے ذریعے خواتین کاروباری افراد کو کریڈٹ اسیسمنٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ روپے سے 15 لاکھ روپے تک کی ایسٹ فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔

یہ ڈیجیٹل فنانسنگ سہولت والی فنانشل سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے تیار کی گئی ہے، جس کا مقصد خواتین کاروباری افراد کو باضابطہ مالی سہولیات تک رسائی فراہم کرنا اور فنانشل انکلوژن کو فروغ دینا ہے۔

حکام کے مطابق یہ پروڈکٹ مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شریعت کے اصولوں کے مطابق ایسٹ فنانسنگ فراہم کرے گی، جسے خاص طور پر خواتین کی ملکیت والے چھوٹے کاروباروں کی مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

فنانسنگ کی سہولت کمپنی کی وائٹ لسٹ شدہ ڈیجیٹل لینڈنگ ایپلی کیشن ’حکیم‘ کے ذریعے فراہم کی جائے گی، جہاں درخواست گزار مکمل عمل آن لائن مکمل کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی، متعدد شاہراہوں پر ٹریفک ڈائیورشنز کا اعلان

منظور شدہ فنانسنگ کے ذریعے کاروباری اثاثے پلیٹ فارم کے اندر موجود انٹیگریٹڈ مارکیٹ پلیس سے خریدے جا سکیں گے، جبکہ منتخب اثاثے براہ راست قرض لینے والوں کے رجسٹرڈ پتے پر پہنچائے جائیں گے۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خواتین کاروباری افراد کو پیداواری اثاثے حاصل کرنے اور اپنے کاروبار کے کیش فلو کو بہتر انداز میں منظم کرنے میں مدد دے گا۔

والی فنانشل سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ ایک لائسنس یافتہ نان بینکنگ فنانس کمپنی ہے جو انویسٹمنٹ فنانس سروسز کے شعبے میں کام کر رہی ہے اور اپنی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے ڈیجیٹل نینو فنانسنگ فراہم کر رہی ہے۔

ایس ای سی پی کی منظوری کے بعد کمپنی صارفین کی فنانسنگ سے آگے بڑھتے ہوئے ایم ایس ایم ای سیکٹر کو بھی مالی سہولیات فراہم کر سکے گی۔

Scroll to Top