اسلام آباد: ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔
ایرانی صدر کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستانی حکام نے الوداع کیا۔ اس موقع پر ایرانی صدر کو دورے کی تمام تصاویر پر مشتمل ایک البم بھی پیش کیا گیا۔
President @drpezeshkian departed Islamabad just a short while ago, bringing his one-day official visit to Pakistan to a close. pic.twitter.com/bjSCKs1qWa
— IRNA News Agency ☫ (@IrnaEnglish) June 23, 2026
یاد رہے کہ منگل کے روز ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے، جہاں ان کے طیارے نے اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا تھا۔
نور خان ایئر بیس پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران ایرانی صدر وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ایرانی صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جبکہ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کا ایرانی صدر سے تعارف کرایا، جبکہ ایرانی صدر نے بھی اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم سے متعارف کرایا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور ایران یک جان دو قالب ہیں، ایرانی صدرمسعود پزشکیان
بعد ازاں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ پودا بھی لگایا اور دعا کی۔
دورے کے دوران ایرانی صدر کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ایرانی صدر کی ملاقات ہوئی۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان معاملات میں پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہنا تھا۔
ایرانی صدر نے اپنے دورے کے دوران ثالثی کردار پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔





