اسمبلی میں باہر کے بندے کو لا کر نعرے لگوانے کی مذمت کرتے ہیں،اپوزیشن لیڈرڈاکٹرعباد

اسمبلی میں باہر کے بندے کو لا کر نعرے لگوانے کی مذمت کرتے ہیں،اپوزیشن لیڈرڈاکٹرعباد

شاہد جان

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے صوبائی اسمبلی کےآج کے اجلاس میں پیش آنے والے واقعات پر سخت تنقید کی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اسمبلی میں کچھ انمول اور عجیب واقعات رونما ہوئے، جہاں ایک باہر کے غیر متعلقہ شخص کو اندر لا کر نعرے لگوائے گئے، جس کی وہ پرزور مذمت کرتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ آج کے حالات دیکھ کر لگتا ہے کہ عشق ہار گیا اور کرپشن جیت گئی ہے۔ عاشقِ عمران نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور خود پارٹی کی مخالفت کے باوجود بجٹ منظور کروایا۔

ڈاکٹر عباد اللہ نے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے انہیں سیاسی نابالغ قرار دیا اور کہا کہ آج وزیر اعلیٰ نے اپنے رویے سے سیاسی نابالغ ہونے کا ثبوت بھی دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ سب لوگ اندرونی طور پر اس بات پر متفق ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نہیں نکالنا، یہ ایک ایسی عجیب مخلوق ہے جو نہ تو اپنے قائد کے ساتھ مخلص ہے اور نہ ہی اپنے کارکنوں کے ساتھ۔

معیشت اور ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق بانی پی ٹی آئی نے کیا تھا اور ان جیسے دوراندیش لیڈر نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ہم کسی کو باپ نہیں کہہ رہے مگر فیلڈ مارشل ہمارے ہیرو ہیں۔

انہوں نے صوبے کے مستقبل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس نہج پر موجودہ حکومت چل رہی ہے اس کے بعد اس صوبے میں اگلے دو دہائیوں تک کوئی ترقی نظر نہیں آئے گی۔

Scroll to Top