راستوں کی بندش سے متعلق بی بی سی کی خبر حقائق کے منافی ہے ،آئی جی آزاد کشمیر

آئی جی آزاد کشمیر پولیس لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ راستوں کی بندش سے متعلق برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی خبر حقائق کے بالکل منافی ہے۔

مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بی بی سی جیسے بین الاقوامی ادارے نے زمینی حقائق کی تصدیق کیے بغیر اس خبر کو شائع کیا۔

آئی جی آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ اس وقت آزاد کشمیر کے تمام راستے کھلے ہیں اور صرف راولا کوٹ کے چند راستوں کے علاوہ کہیں بھی کوئی بندش نہیں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم اس وقت ہائبرڈ وار فیئر کے دور سے گزر رہے ہیں، جہاں حقیقت کو مسخ کر کے نئے بیانیے گھڑے جاتے ہیں، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ کسی بھی خبر پر فوراً ردعمل دینے کے بجائے پہلے اس کی تصدیق کریں۔

یہ بھی پڑھیں : کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی دکانیں کھولنے والے غریب تاجروں کو سوشل میڈیا پر ہدف بنانے لگی

انہوں نے انکشاف کیا کہ شر پسند عناصر آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال پر مسلسل جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔کالعدم تنظیم کے شرپسند روڈ بلاک کرنے میں ملوث ہیں، جو نہ صرف خوراک لے جانے والی گاڑیوں کو زبردستی روکتے ہیں بلکہ انہیں لوٹتے بھی ہیں اور ڈرائیوروں پر تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔

آئی جی لیاقت علی ملک نے مزید کہا کہ شرپسندوں کے ان ہی منفی اقدامات کی وجہ سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Scroll to Top