جیل کی سیاست نہیں، قومی مفاد کو ترجیح دی جائے، اختیار ولی خان

اسلام آباد: وزیراعظم کے خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر زور دیا ہے کہ وہ میثاقِ جمہوریت کی حمایت کرے اور جیل کی سیاست سے نکل کر قومی مفاد کو ترجیح دے۔

ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اختیار ولی خان نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی مذاکرات کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملک میں جمہوریت کے استحکام اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پر تنقید ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، تاہم پاکستان کی خودمختاری اور بنیادی قومی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ حکومت اور مسلح افواج نے باہمی تعاون سے ملک کو سفارتی اور تزویراتی میدان میں اہم کامیابیاں دلائی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : میثاقِ جمہوریت پر علی محمد خان کا اہم بیان سامنے آگیا

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاک فوج کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا کہ وہ محض تنقید تک محدود رہنے کے بجائے سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی قوتوں کو قومی مفاد، جمہوری استحکام اور ملک کی ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

Scroll to Top