یومِ عاشور: ملک بھر میں شبیہِ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس، مجالسِ عزا جاری

اسلام آباد: نواسۂ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر مختلف شہروں میں شبیہِ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں، جبکہ مجالسِ عزا کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واقعۂ کربلا کو چودہ سو برس گزرنے کے باوجود حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی قربانی مسلمانوں کے لیے صبر، استقامت، حق اور باطل کے درمیان فرق کی روشن مثال سمجھی جاتی ہے۔

اسی مناسبت سے ملک بھر میں عزادار مجالس میں شرکت کر رہے ہیں اور جلوسوں میں شریک ہو کر شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

حضرت امام حسینؓ، اہلِ بیت اور ان کے رفقا کی یاد میں مختلف مقامات پر نیاز تقسیم کی جا رہی ہے، جبکہ عزاداروں اور شہریوں کے لیے سبیلوں کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یومِ عاشور حق، انصاف، اتحاد اور قربانی کا ابدی پیغام ہے، صدر اور وزیراعظم

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے مجلسِ عزا کے اختتام کے بعد برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا منزل کی جانب رواں ہے۔

لاہور میں مرکزی جلوس اندرون موچی گیٹ کی نثار حویلی سے برآمد ہوا، جو کربلا گامے شاہ کی طرف گامزن ہے۔ جلوس میں ہزاروں عزادار، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں، شریک ہیں۔

اسی طرح ملتان، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت، اسکردو، مظفرآباد اور ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی یومِ عاشور کے جلوس اور مجالسِ عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں عزادار حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

Scroll to Top