پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے صوبے میں ڈاکٹروں کی بھرتیوں سے متعلق سامنے آنے والی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے میرٹ کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر امیدواروں کو کہا گیا ہے کہ اگر ان کے پاس بھرتیوں کے عمل میں میرٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کوئی شواہد موجود ہیں تو وہ اتوار تک وزیراعلیٰ شکایات سیل میں جمع کرائیں تاکہ ان کا جائزہ لیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی نے واضح کیا کہ موصول ہونے والے شواہد اور شکایات کی بنیاد پر آئندہ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا، جبکہ اگر کسی بھی سطح پر بے ضابطگی یا میرٹ کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : یومِ عاشور پر پُرامن فضا، شفیع جان نے کامیاب سیکیورٹی انتظامات کو سراہا
حکومت خیبرپختونخوا نے متاثرہ امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی شکایات اور متعلقہ شواہد بروقت جمع کرائیں تاکہ شفاف اور میرٹ پر مبنی فیصلے کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ شکایات سیل میں شکایات درج کرانے کے لیے واٹس ایپ نمبر 0323-7248067 جاری کیا گیا ہے، جہاں امیدوار اپنی معلومات اور شواہد بھیج سکتے ہیں۔





